منگلورو،27؍اگست (ایس او نیوز)ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کدری پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر ماروتی جی نائک اور ان کی ٹیم نے منگلورو سنٹرل جیل کے قریب سے 3افراد کو گرفتار کرلیا ہے جو جیل کے اندر موجود قیدیوں کے لئے گانجہ اسمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔
گرفتار شدہ ملزمین کے نام ریتیش، روی پجاری اور راجیش بتائے جاتے ہیں۔پولیس کے بیان کے مطابق ان ملزمین کے قبضے سے 3500روپے مالیت کا 250گرام گانجہ برآمد ہوا ہے، جو کہ چھوٹی چھوٹی پاکٹوں میں بند تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ شاید ملزمین گانجہ کی ان پاکٹوں کو جیل کے باہر ی دیوار کے پاس کھڑے ہوکر اندر کی طرف اچھالنے والے تھے جہاں سے قیدی اسے اٹھا لیتے۔ گرفتار ملزمین کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ کچھ دوسرے معاملات میں یہ لوگ اس سے پہلے اس جیل میں قیدی رہ چکے ہیں۔ اور اسی رابطے کی بنیاد پراپنے جانکار قیدیوں کے لئے باہر سے گانجہ اسمگل کرنے جارہے تھے۔